اداکار فیروز خان بیٹی کے ساتھ ڈرائیونگ پر تنقید کی زد میں؟

اداکار فیروز خان نے چھوٹی بیٹی کو گود میں بٹھا کر کار ڈرائیو کرتے ہوئے روڈ سیفٹی کے اصول نظر انداز کیے تو سابق کرکٹ سٹار وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے انہیں تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ وسیم اکرم کی آسٹریلین اہلیہ شنیرا اکرم نے اداکار فیروز خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ’بچے کھلونے نہیں ہوتے بلکہ جیتے جاگتے انسان ہوتے ہیں اور انہیں عدم احتیاط سے چوٹ بھی لگ سکتی ہے۔ شنیرا نے اداکار کی ایک مختصر ویڈیو پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے فیروز خان کو بتایا کہ ان کی جانب سے کم سن بیٹی کو گود میں لے کر گاڑی چلانا کتنا خطرناک ہے۔ فیروز خان کی جانب سے اپنی ایک برس سے بھی کم عمر بیٹی کو گود میں بٹھا کر کار میں سیر کروانے کی ایک ویڈیو انکی اداکار بہن حمیمہ ملک نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی تھی۔
اس ویڈیو پر شنیرا نے رد عمل دیتے ہوئے روڈ سیفٹی قوانین اور اصولوں کے خلاف قرار دیا۔ انہوں نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں فیروز خان کے عمل کو بے وقوفانہ قرار دیا اور لکھا کہ ان کی چھوٹی سے غلطی ان کی بچی کی زندگی کے کیے خطرہ بن سکتی ہے۔ شنیرا کے مطابق اگرچہ بچے نا سمجھ ہوتے ہیں، انہیں صحیح اور غلط کا ادراک نہیں ہوتا مگر انکے والدین ہر بات سمجھتے ہیں، شنیرا نے فیروز کو شہزادہ پکارتے ہوئے لکھا کہ فرض کریں کہ 30 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی کار کی آپ کی کار سے ٹکر ہوجائے تو بھی آپ کی بچی گود سے اچھل کر بونٹ پر جا گرے گی اور اسے شدید چوٹیں لگیں گی۔انہوں نے لکھا کہ اگر ایسے کسی حادثے کی صورت میں کمسن بچی بچ بھی جائے تو بھی اسے سر پر شدید چوٹ لگے گی۔
شنیرا نے لکھا کہ فیروز خان ایک مشہور شخصیت ہیں اور ان کی جانب سے ایسا کرنا ان کے مداحوں کے لیے بھی خطرناک ہے، کیونکہ وہ انہیں یہ عمل کرتا دیکھ کر خود بھی ایسا ہی کریں گے۔ شنیرا اکرم نے لکھا کہ ان کی جانب سے فیروز خان پر تنقید کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے لیکن وہ ایسی خطرناک حرکت کو نظر انداز نہیں کر سکتیں، اس لیے وہ تمام والدین کو پیغام دینا چاہتی ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو گود میں لے کر کار نہ چلائیں، وہ بچوں کو پچھلی سیٹ پر بٹھا کر انہیں بیلٹ باندھ دیا کریں۔
یاد رہے کہ فیروز خان سے قبل جولائی 2021 میں شنیرا اکرم نے منال خان اور احسن محسن اکرام کو بھی روڈ سیفٹی اصول نظر انداز کرنے پر جھاڑ پلادی تھی۔جولائی 2021 میں احسن محسن نے منال کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں احسن ڈرائیونگ کرتے دکھائی دیئے جب کہ منال ان کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھ کر گانے گنگناتی دکھائی دیں اور احسن ڈرائیونگ کے دوران اداکارہ سے گفتگو کرتے دکھائی دیئے تھے۔
