ہالی ووڈ فلم ’’اوتار‘‘ کا سیکوئل ریلیز ہوتے ہی ہٹ

ایک یا دو نہیں پورے دس برس تک عالمی سطح پر کمائی کا ریکارڈ قائم کرنے والی ہالی ووڈ فلم ’’اوتار‘‘ کے سیکوئل ’’دے وے آف واٹر‘‘ نے 16 دسمبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہوتے ہی دھوم مچا دی ہے۔

’اوتار: دی وے آف واٹر‘ کو کئی ممالک میں ترجموں کے ساتھ ریلیز کیا گیا اور فلم کے پہلے ہی شوز میں سینما ہال فل دکھائی دیئے، فلم میں فنٹیسی دنیا اور جنگلات سمیت سمندروں کی ایک ایسی دنیا دکھائی گئی ہے، جس کا سحر شائقین کو جکڑ لیتا ہے۔ اس فلم میں پچھلی فلم کے کردار اپنے خاندان کو بچانے کی جدوجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں اور انہیں پانی کے اندر زندگی گزارتے اور سمندری حیات پر سواری کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

 

’اوتار: دی وے آف واٹر‘ میں پچھلی فلم کے کرداروں کے علاوہ نئے کردار بھی شامل کیے گئے ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں اداکارہ کیٹ ونسلیٹ بھی شامل ہیں۔اس فلم کو پہلے 2020 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر کرونا کی وبا آنے کے بعد اس کی ریلیز موخر کردی گئی تھی۔ فلم کی شوٹنگ کئی سال تک یورپ، افریقہ اور نیوزی لینڈ سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں جاری رہی۔ جیمز کیمرون نے اس باربھی پچھلی فلم کی طرح جدید اور انوکھی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔ سیریز کی دوسری فلم کے بعد اسکی تیسری فلم بھی ریلیز کی جائے گی، کیوں کہ فلم ساز پہلے ہی ’اوتار‘ کی ٹرائلوجی سیریز بنانے کا اعلان کر چکے ہیں، جیمز کیمرون نے 2018 میں بتایا تھا کہ ’اوتار‘ سیریز کی کم سے کم پانچ فلمیں لازمی بنائی جائیں گی جو ایک خاندان کی طرح آگے بڑھیں گی۔

 

فلم ساز نے بتایا تھا کہ اوتار کی ہر فلم کی کہانی وہیں سے شروع ہوگی جہاں پہلی فلم کی کہانی ختم ہو گی، سیکوئل فلم کے بعد ’اوتار تھری‘ کو 2024 جبکہ ’اوتار 4‘ کو 2026 اور ’اوتار 5‘ کو 2028 تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔ جیمز کیمرون نے ’اوتار‘ کو 2009 میں ریلیز کیا تھا، جس نے دنیا بھر میں کمائی کے نئے ریکارڈز بناتے ہوئے انکی 1999 کی فلم ’ٹائی ٹینک‘ کو بھی کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا تھا، ’اوتار‘ اپنی ریلیز کی ایک دہائی تک یعنی 2019 تک دنیا کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم رہی۔ اس کے بعد اس کی کمائی کا ریکارڈ ’اوینجرز اینڈ گیم‘ نے توڑا تھا۔

Back to top button