ڈرامہ ’’بیٹیاں‘‘ ناظرین کو اپنی طرف کیوں متوجہ کرنے لگا؟

باپ اور بیٹیوں کے تعلق بارے بنائی گئی اے آر وائی کی ڈرامہ سیریل ’بیٹیاں‘ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ اسکی کہانی ایک باپ اور اُسکی پانچ بیٹیوں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی بچیوں کی تعلیم کے ساتھ اُن کی اچھے گھروں میں شادی کے خواہش مند ہیں۔ لیکن اُنھیں اُن کی ماں اور طلاق یافتہ بہن کی دقیانوسی باتوں اور لڑائی جھگڑوں کے علاوہ بیٹیوں کے سسرال والوں سے بھی نمٹنا پڑتا ہے، یوں تو اس ڈرامہ کی کہانی ٹی وی چینلز پر نظر آنے والے دیگر ڈراموں سے مختلف نہیں لیکن ناظرین میں اس ڈرامہ کو خاصی مقبولیت ملی ہے۔ اس کی وجہ شاید باپ بیٹیوں کے درمیان رشتہ کو خوبصورت اور ہلکے پھلکے انداز سے پیش کرنا ہے۔
’بیٹیاں‘ میں والد کا کردار اداکار محمد احمد نے جبکہ بیٹیوں کے کردار فاطمہ آفندی، ماہِ نور حیدر، قدسیہ علی، تانیہ حُسین اور ایمان علی نے نبھائے ہیں۔ دیگر اداکاروں میں جویریا سعود، فہد شیخ اور اسامہ طاہر شامل ہیں۔ اداکارہ فاطمہ آفندی نے ’بیٹیاں‘ میں بڑی بیٹی فضا کا کردار نبھایا ہے جو تمام بہنوں میں سب سے سمجھدار اور معاملہ فہم ہوتی ہے، ڈرامے کی ناظرین میں مقبولیت کی وجوہات پر بات کرتے ہوئے فاطمہ نے کہا کہ وہ نہیں مانتیں کہ بیٹیاں ایک عام کہانی ہے جس میں صرف بیٹیوں کی شادیاں ایک مسئلہ ہے، میں اس ڈرامے میں کوئی مظلوم لڑکی نہیں ہوں جہاں مجھے دانش کی اصلیت کا علم ہوتا ہے اور پتہ چلتا ہے کہ وہ مجھے پراپرٹی کی خاطر استعمال کر رہا ہے تو میں کہتی ہوں کہ مجھے خلع چاہئے حالانکہ میری چار بہنیں گھر پر ہیں جن کی شادی نہیں ہوئی۔ فاطمہ کا کہنا تھا کہ اس دلیرانہ موقف کی وجہ سے بیٹیاں لوگوں کو پسند آ رہا ہے، دوسرا یہ ہے کہ ڈرامے میں بیٹیوں اور باپ کا آپس میں ایک مضبوط رشتہ دکھایا گیا، ان کے جو چھوٹے چھوٹے لمحات ہیں وہ لوگوں کو کافی پسند آ رہے ہیں۔ اپنے کردار کے بارے میں فاطمہ کا کہنا ہے کہ لوگوں کو وہ پسند آیا ہے۔
ڈرامہ سیریل بیٹیاں میں اداکار فہد شیخ نے فاطمہ آفندی کے ساتھ فضا کے شوہر دانش کا کردار نبھایا ہے، اِن دونوں کے درمیان چائے اور کافی کے متعدد ڈائیلاگز شامل ہیں، فاطمہ نے مُسکراتے ہوئے بتایا کہ فہد نے تو میری چڑ بنا لی اور وہ سین کٹ ہونے کے بعد بھی کہتے تھے کہ فاطمہ ایک کافی لے آؤ، میں کہتی تھی کہ کیا بھئی کِدھر کافی اور کیوں! میرے اندر کی ایک فیمنسٹ جاگ جاتی تھی کہ خود جا کر کافی بناؤ۔ ساتھی اداکارؤں کے بارے میں فاطمہ کا کہنا تھا کہ آن سکرین تو انھیں اداکارہ قدسیہ علی کا کردار ہانیہ بہت اچھا لگا ہے، ہانیہ کا جو کردار ہے وہ بہت منہ پھٹ اور بہت مزے کا ہے، اُس نے اس کردار کو نبھایا بھی بہت اچھا ہے۔اس کے علاوہ آف سکرین سب بہنوں کے ساتھ اچھے مراسم تھے، ایسے نہیں لگتا تھا کہ ہم کام پر جا رہے ہیں۔ ہم ویڈیوز بھی شوٹ کرتے تھے، مستی بھی کرتے تھے یعنی سیٹ پر گھر والا ماحول تھا۔ سات مہینے تک ہم نے اس ڈرامے کو شوٹ کیا اور جب یہ ختم ہو رہا تھا تو سب بہت اداس ہو رہے تھے کہ اب کیا ہو گا۔ یاد رہے کہ فاطمہ آفندی نے اپنے کیریئر کے آغاز میں اداکار کنور ارسلان سے شادی کر لی تھی، اب ان کے دو بچے ہیں
