‘ارطغرل غازی ‘ کے پاکستان آنے کی افواہیں

پی ٹی وی پر اردو ترجمے میں نشر ہونے والے ترک ڈرامے ‘ارطغرل غازی’ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار انجین التان دوزیتان کی پاکستان آمد کی افواہیں زیر گردش ہیں۔ رپورٹس ہیں کہ وہ پاکستان پہنچ گئے ہیں اور 3 شدید بیمار بچوں کی خواہش پر ان سے ملنے کےلیے آئے ہیں۔
خیال رہے کہ انجین التان دوزیتان نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ کب تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
یوم آزادی کے موقع پر اداکار انجین التان دوزیتان نے پاکستانی قونصل جنرل بلال خان پاشا کی دعوت پر ترکی کے شہر استنبول میں واقع پاکستانی قونصل خانے کا دورہ کیا تھا اور پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد بھی دی تھی۔ ترکی میں پاکستانی قونصل جنرل نے یہ بھی کہا تھا کہ ارطغرل کے کردار جلد پاکستان میں ہوں گے تاہم انہوں نے انجین التان دوزیتان کی آمد کے وقت سے متعلق کوئی تفصیلات بیان نہیں کی تھیں۔ جس کے بعد گزشتہ دنوں میک اے وش نامی فلاحی تنظیم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو جاری کی تھی انجین التان دوزیتان نے کہا تھا کہ ‘ ہیلو پاکستان میں 18 اگست کو میک اے وش چلڈرن سے ملاقات کروں گا’۔
https://www.instagram.com/p/CD54PMwgME6/?utm_source=ig_embed
اسی ویڈیو کے کیپشن میں میک اے وش نے لکھا تھا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ نامور ترک اداکار اور ترک ڈرامے ارطغرل غازی کے مرکزی کردار انجین التان دوزیتان 3 شدید بیمار میک اے وش بچوں سے ملاقات کریں جو اپنے ہیرو سے ملنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی لکھا گیا تھا کہ ہم اس ملاقات کو ممکن بنانے کےلیے میک اے وش ترکی کی مدد اور تعاون پر ان کے مشکور ہیں۔
https://www.instagram.com/p/CD802l0AXXj/?utm_source=ig_embed
بعدازاں گزشتہ روز میک اے وش کی جانب سے کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ انجین التان دوزیتان 18 اگست (بروز منگل) کوشام 6 بجے میک اے وش پاکستان کے فیس بک بچوں پر ان سے ملاقات کی خواہش رکھنے والے 3 بچوں سے لائیو ملاقات کریں گے۔
میک اے وش پاکستان نامی فلاحی تنظیم میک اے وش فاؤنڈیشن انٹرنیشنل سے وابستہ ہے جو شدید بیمار بچوں کی خواہشات پوری کرنے کےلیے وقف ہے۔ اپنے قیام کے بعد سے اب تک میک اے وش پاکستان نے ہزاروں بیمار بچوں کی خواہشات پوری کی ہیں جس نے ان کی زندگیوں میں امید جاگی اور انہیں تقویت بھی ملی۔
دوسری جانب کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق ارطغرل غازی کے مرکزی کردار بیمار بچوں کی خواہش پر ان سے ملاقات کےلیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران انجین التان دوزیتان مختلف سماجی و سیاسی شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے۔
تاہم ترکی میں پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے ان کی پاکستان آمد سے متعلق تصدیق نہیں کی گئی۔