اسحاق ڈار کے وزیر خزانہ بننے کی خبریں آنے پر ڈالر 6 روپے سستا

مسلم لیگ ن کے سینیٹر اسحاق ڈار کے وزیر خزانہ بنائے جانے کی خبریں سامنے آنے کے بعد ڈالر کی قیمت نیچے آنا شروع ہو گئی ہے، مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 6 روپے کم ہو گئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے استعفیٰ پیش کیے جانے پر اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے کی خبریں سوشل میڈیا پر خوب گرم ہے جس کے بعد مارکیٹ میں ڈالر چھ روپے سستا ہو گیا ہے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفی پارٹی قائد کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا، میں نے چار ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سے کام کیا اور پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی۔
مریم کے مطابق اس موقعے پر سابق وزیر اعظم نوازشریف نے مشکل ترین حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پر مفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا۔ان کے مطابق نواز شریف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیرِ خزانہ کے لیے نامزد کر دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نیویارک میں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بعد واپسی پر لندن پہنچے جہاں نوازشریف کے زیرصدارت اہم پارٹی اجلاس ہوا۔مریم اورنگزیب کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی وقومی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا اور یہ موقف اختیار کیا گیا کہ سابق حکومت کی لگائی معاشی تباہی کی آگ موجودہ حکومت کو بجھانا پڑی۔
اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل، ملک محمد احمد خان اور احد چیمہ شریک تھے۔
خیال رہے پر احتساب عدالت نے حالیہ دنوں میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کے نیب ریفرنس میں اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹس معطل کیے ہیں جس کے بعد ان کی وطن واپسی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔
احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا تھا کہ اگر ملزم خود عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہے تو ایک موقع دیا جانا ضروری ہے، اسحاق ڈار کو سات اکتوبر تک موقع دیتے ہیں کہ وطن واپس آکر عدالت میں پیش ہوں۔

Back to top button