پاک سعودی تعلقات امتِ مسلمہ کیلئےقوت کا سرچشمہ ہیں،فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کاکہناہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات امتِ مسلمہ کیلئےقوت کا سرچشمہ ہیں، جبکہ دونوں ممالک کا رشتہ تاریخ، عقیدے اور بھائی چارے سے مضبوط ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے رابطۂ عالمِ اسلامی کے زیرِ اہتمام پاکستانی علمائے کرام کے ساتھ مشاورتی اجلاس سے خطاب کیا۔

تقریب میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، رابطۂ عالمِ اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ، مفتی تقی عثمانی، مولانا حنیف جالندھری اور دیگر جید علمائے کرام نے شرکت کی۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ امتِ مسلمہ کی وحدت اور استحکام کی ضمانت علما کے اتحاد میں ہے، جبکہ اسلامی اخوت اور باہمی تعاون وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے پاکستان میں علمائے کرام اور مہمانوں کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایمان، اخوت اور مشترکہ اسلامی مفادات پر قائم ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ رابطۂ عالمِ اسلامی امت کے اتحاد، اعتدال اور رواداری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس کی خدمات پوری امتِ مسلمہ کے لیے قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے رابطۂ عالمِ اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی پاکستان آمد کو خوش آئند اور باعثِ مسرت قرار دیا۔

 

Back to top button