بلوچستان،دکان پر کام کرنیوالے 5 مزدوروں کوقتل کردیاگیا

بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے دکان پر کام کرنے والے 5 مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے بزدل دہشت گردوں نے معصوم اور نہتے مزدوروں کو نشانہ بنایا، شہید مزدوروں میں محمد بلال، محمد حسن، محمد قدیر، محسن اور بلال شامل ہیں، دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق پانچوں افراد صوبے کے باہر سے آئے ہوئے تھے، ضروری کارروائی کے بعد مقتولین کی لاشیں آبائی علاقوں کو روانہ کی جا رہی ہیں، فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ ماشکیل میں فائرنگ سے 5 افراد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ قابل مذمت ہے، حکومت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
شاہد رند نے کہا کہ بےگناہ شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے، حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
