ایک سال میں آٹےکا20کلوکاتھیلا1250روپےمہنگاہوگیا

ملک بھر میں ایک سال کے دوران آٹےکی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہوا ہے، ایک سال میں آٹےکا 20 کلوکا تھیلا 1250 روپے تک مہنگا ہوگیا۔
ایک سال کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبوں کے بڑے شہروں میں آٹےکی قیمتوں میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق کراچی کے شہری ایک سال قبل اور اب بھی ملک میں سب سے زیادہ مہنگا آٹا خریدنے پرمجبور ہیں، شہرقائد میں ایک سال قبل آٹےکے 20 کلو تھیلے کی قیمت سب سے زیادہ1800 روپے تک تھی جو بڑھ کر اب بھی ملک میں سب سے زیادہ 2900 روپےتک پہنچ چکی ہے۔
دستاویزات سےمعلوم ہوتا ہےکہ پشاور اور بنوں میں ایک سال میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1250 روپے،کوئٹہ، خضدار 1200 روپے،اسلام آباد، راولپنڈی 1173 روپے، سکھر 1140روپے اور کراچی، حیدرآباد میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1100 روپے تک مہنگا ہوا۔
اسی طرح گوجرانوالا میں آٹےکے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں ایک سال میں 1083 روپے، بہاولپور،1013 روپے اورسیالکوٹ،ملتان،لاڑکانہ میں ایک ہزار روپے تک کا اضافہ ہوا جب کہ ایک سال میں فیصل آباد میں آٹےکا 20 کلو کا تھیلا 950 روپے،لاہور 850 روپے اور سرگودھا میں 806 روپے تک مہنگا ہوا۔
دستاویزات کے مطابق ایک سال میں اسلام آباد میں آٹے کے20 کلو تھیلے کی قیمت 1627 روپے سے بڑھ کر 2800 روپے، راولپنڈی 1613 روپے سے بڑھ کر 2786 روپے،گوجرانوالہ 1450 روپے سے بڑھ کر 2533 روپے، سیالکوٹ 1467 روپے سے بڑھ کر2467 روپے اور لاہور میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1400 روپے سے بڑھ کر 2250 روپے تک پہنچ گئی۔
دستاویزات سے معلوم ہوتا ہےکہ ایک سال میں فیصل آباد میں آٹےکے 20 کلو تھیلےکی قیمت 1400 روپے سے بڑھ کر 2350 روپے، سرگودھا 1494 روپے سے بڑھ کر 2300 روپے، ملتان 1533 روپے سے بڑھ کر 2533 روپے، بہاولپور 1467 روپے سے بڑھ کر 2480 روپے اور کراچی میں آٹےکے 20 کلو تھیلے کی قیمت 1800 روپے سے بڑھ کر 2900 روپے تک ہوگئی۔
