لیسکو کےافسران کی مفت بجلی کی سہولت ختم کردی گئی

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں گریڈ 18 سے 20 تک کےافسران کی مفت بجلی کے یونٹس کی سہولت ختم کر دی گئی۔
لیسکو حکام کے مطابق اس سے قبل گریڈ 18 کے افسران کو سالانہ 6 ہزار، گریڈ 19 کے افسران کو 8 ہزار جبکہ گریڈ 20 کے افسران کو 10 ہزار مفت بجلی یونٹس کی سہولت حاصل تھی، تاہم نئی پالیسی کے تحت یہ مراعات واپس لے لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق لیسکو کے برعکس ملک کی دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے متعدد افسران نے عدالتوں سے حکمِ امتناع حاصل کر کے مفت بجلی کی سہولت عارضی طور پر بحال کرا لی ہے، جس کے باعث مختلف کمپنیوں میں پالیسی کا نفاذ یکساں نہیں رہا۔
دوسری جانب لیسکو افسران کا مؤقف ہے کہ اگر کسی ایک کمپنی میں یہ سہولت ختم کی گئی ہے تو یہی پالیسی تمام ڈسکوز پر یکساں طور پر لاگو ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ عدالتوں کے ذریعے مفت بجلی کی سہولت کی بحالی مساوی پالیسی کے اصول کے خلاف ہے، اس لیے وزارتِ توانائی ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے لیے واضح اور یکساں پالیسی کا اعلان کرے تاکہ کسی بھی ادارے کے افسران یا ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو۔
توانائی کے شعبے کے ماہرین کے مطابق سرکاری اداروں میں مراعات کے نظام پر نظرثانی کا مقصد مالی بوجھ میں کمی اور شفافیت کو فروغ دینا ہے، جبکہ یکساں پالیسی سے اداروں کے درمیان فرق اور قانونی تنازعات میں بھی کمی آ سکتی ہے۔
