اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید 11 فلسطینی شہید، 105 زخمی

اسرائیلی فوج کی جانب سے رفح میں جارحیت جاری ہے، خوراک تقسیم مراکز پر فائرنگ سے مزید 11 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 100 سے زائد زخمی بتائے جا رہے ہیں، عرب میڈیا کے مطابق پہلا واقعہ رفح میں خوراک کی تقسیم کے ایک مرکز میں پیش آیا جہاں اسرائیلی فوج نے بھیڑ پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے اونرا کے اہلکار سمیت 5 فلسطینی شہید اور 22 زخمی ہوگئے۔اسی طرح رفح میں ہی ایک اور مقام پر خوراک کے لیے قطار بنائے فلسطینیوں پر بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کردی جس میں 6 فلسطینی شہید اور 82 زخمی ہوگئے۔یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی مسلسل بمباری کے باعث 23 لاکھ فلسطینی اپنے گھر بار چھوڑ کر رفح میں پناہ لینے پر مجبور ہیں جو خوراک اور روز مرہ کی بنیادی چیزوں کے لیے امدادی اداروں کے محتاج ہوکر رہ گئے ہیں۔اسرائیلی فوج کی بربریت سے یہ معصوم فلسطینی خواتین اور بچے بھی محفوظ نہیں۔ خوراک لینے کے لیے امدادی مراکز آنے والے نہتے شہریوں کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
