اسرائیل اور فلسطین تنازع کاحل دو ریاستی فارمولا ہے

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اسرائيل فلسطین تنازع کا حل، دو ریاستی فارمولا ہے، جس کا مطالبہ خود فلسطینی بھی کرتے ہيں، اس کے بعد ہی مشرق وسطیٰ میں استحکام نظر آ سکتا ہے۔

نجی ٹی وی کوانٹرویو میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ  دو ریاستی حل کا مطلب اسرائیل کو الگ ریاست تسلیم کرنا بالکل نہيں۔

اس سے قبل نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور معصوم جانوں کے ضیاع پر بھی گہری تشویش ہے۔ موجودہ صورتحال میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑے ہیں اور اسرائیلی قابض افواج کے تشدد اور جبر کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

جلیل عباس جیلانی نے مزید لکھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قابل عمل اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔عالمی برادری کو تنازعات کے خاتمے اور شہریوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں، عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کیلئے فوری مداخلت کرے۔

خیال رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے کیے گئے حملوں میں ایک افسر اور 50 صیہونی فوجیوں سمیت 700 سے زائد اسرائیلی ہلاک جبکہ 22 سو سے زائد زخمی اور 100 سے زائد یرغمال بنالیے گئے۔

Back to top button