شیر کو ہرانے،مٹانےوالے کئی آئے ،شیروہیں کھڑا ہے

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کاکہنا ہے کہ شیر کو ہرانے والے،مٹانے والے کئی آئے اور کئی گئے، شیر وہیں کھڑا ہے، نواز شریف اس دھرتی کا بیٹا ہے،اسےکسی نے فارن فنڈنگ کے ذریعے لانچ نہیں کیا۔
لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کاکہنا تھاکہ نواز شریف کو اقتدار سے نہیں بلکہ آپ کی زندگیوں سے خوشیوں کو نکالا گیا، نوازشریف نے عوام کی خاطر اقتدار کے دن کم دیکھے اور مشکلات کے دن زیادہ دیکھے، ان کی زندگی میں 11 سال جلاوطنی کے ہیں۔قوم نواز شریف کا راستہ اس لیے دیکھ رہی ہے کہ وہ ہمیشہ ملک کو ٹھیک کر کے دکھاتا ہے، 4سال ایسے جوکروں کی حکومت تھی جو جتنی بڑی گالی دیتا تھا اسے اتنی بڑی وزارت ملتی تھی۔ہیلتھ کارڈ جس کا ٹھیکیدار آج کوئی اور بنا ہے وہ پروگرام نواز شریف نے بنایا۔
مریم نواز نے جلسے میں عوام کو نواز شریف کے منصوبے بھی گن وائے، انہوں نے کہا کہ نواز دور میں 4 سال چینی 50 روپے کلو،آٹا 35 روپے کلو رہا، ڈالر 105 روپے کا رکھ کر دکھایا، مہنگائی 2 فی صد تھی آج روز اوپر جاتی ہے،چائنا اکنامک کوریڈور،اورنج لائن، میٹرو بس کس نے بنائی، کراچی میں گرین لائن کس نے بنائی، جس نے 4 سال میں قوم کی اتنی خدمت کی، کیوں اسے 4 سال بعد دفتر سے نکال دیا؟
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نوازکا کہنا تھاکہ اقامہ جیسے مذاق پر نوازشریف کو نہ نکالا جاتا تو کیا مہنگائی کا یہ حال ہوتا؟ شیر کو ہرانے والے،مٹانے والے کئی آئے اور کئی چلے گئے،شیر وہیں کھڑا ہے، کل ہم پر برا وقت تھا ،مخالفین نےدن رات گالم گلوچ کی،ہم پر الزام لگائے،ہم ایسے نہیں کریں گے۔ میرا اور نواز شریف کا جینا مرنا آپ کے ساتھ ہے، اس ملک کے اچھے دن واپس آرہے ہیں، آپ کا ساتھ رہا تو نواز شریف کے ساتھ مل کر اس ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔
