ورلڈ کپ،بھارت نے آسٹریلیا کو ہراکر پہلی فتح سمیٹ لی

چنئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کیلئے 200 رنز کا ہدف دیا تھا جو بھارتی ٹیم نے 41.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔ویرات کوہلی 85 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کے ایل راہول 97 اور ہارڈیک پانڈیا 11 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے جوش ہیزل ووڈ نے 3 اورمچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی اننگز کا آغاز انتہائی خراب ہوا۔ بھارت کی تین وکٹیں صرف دو رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی تھیں۔ دونوں اوپنرز روہت شرما، ایشان کشان صفر پر پویلین لوٹ گئے جبکہ شریاس ائیر بھی کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔آٹھویں اوور میں 20 رنز کے مجموعی اسکور پر ویرات کوہلی کا 12 رنز پر مچل مارش نے آسان کیچ ڈراپ کردیا تھا جس کا انہوں نے خوب فائدہ اٹھایا۔ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے 165 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم 49.3 اوورز میں 199 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، اوپنر مچل مارش بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 41 رنز بنائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں اسٹیو اسمتھ 46، مارنوس لیبوشین 27، گلین میکسویل 15، کیمرون گرین 8، کپتان پیٹ کمنز 15، ایڈم زمپا 6 جبکہ ایلکس کیری صفر پر آؤٹ ہوئے۔ میچ کے اختتامی اوورز میں مچل اسٹارک نے 28 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے روندرا جڈیجا نے 3، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ نے 2، 2 جبکہ ایشون، محمد سراج اور پانڈیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ کامیابی سمیٹ کر ٹورنامنٹ کا آغاز فتح کے ساتھ کریں۔
