17پاکستانی کرکٹرزنےانٹرنیشنل لیگ ٹی20 کیلئےرجسٹریشن کرالی

پاکستان کے ٹیسٹ کپتان اور سٹار بیٹر بابر اعظم سمیت 17 پاکستانی کرکٹرز نے انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے 5ویں سیزن کی کھلاڑیوں کی نیلامی کے لیے رجسٹریشن کرا لی۔
بابر اعظم، فخر زمان، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان اور عثمان طارق کو سب سے زیادہ بنیادی قیمت والے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔
دبئی میں انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے 5ویں سیزن کی کھلاڑیوں کی نیلامی یکم اکتوبر کو آئی سی سی اکیڈمی انڈورز میں ہوگی۔
نیلامی میں 23 ممالک کے 200 سے زائد کرکٹرز حصہ لیں گے، جن میں آئی سی سی کے 11 مکمل رکن ممالک، آئی ایل ٹی 20 کے شراکت دار ممالک کویت اور سعودی عرب سمیت 10 دیگر ایسوسی ایٹ ممالک شامل ہیں۔
پاکستان سے بابر اعظم کے علاوہ فخر زمان، نسیم شاہ، عثمان طارق، حسن علی، شاداب خان، حسن نواز، محمد نواز، صائم ایوب، خوشدل شاہ، معاذ صداقت اور صاحبزادہ فرحان بھی نیلامی کے لیے رجسٹرڈ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
رجسٹرڈ کھلاڑیوں کو 80 ہزار، 40 ہزار اور 10 ہزار امریکی ڈالر کی 3 بنیادی قیمتوں کے زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ بنیادی قیمت والے زمرے میں پاکستان کے 5 کرکٹرز بابر اعظم، فخر زمان، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان اور عثمان طارق شامل ہیں۔
