الیکشن کی تاریخ نہ ملی تو رواں ماہ ہی اسمبلیاں توڑ دینگے

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو مذاکرات کیلئے ایک اور موقع دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر رواں ماہ تک حکومت کی جانب سے الیکشن کی تاریخ نہ دی گئی تو اسمبلیاں توڑ دیں گے۔خیبرپختونخوا میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز پنجاب میں پارلیمانی پارٹی کے رہنماؤں سے اُن کے خطاب کے بعد حکمراں جماعتوں کو یہ غلط فہمی ہوئی اور مذاکرات کے حوالے سے شاید غلط پیغام گیا۔

انھوں نے کہا کہ میں نے ملک کے لیے آفر کی تھی کہ عام انتخابات کی تاریخ پر بات چیت کی جائے مگر پی ڈی ایم غلط فہمی میں مبتلا ہو گئی ہے۔ ہم نے ان کو صرف یہ کہا تھا کہ ہم تو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں مگر اگر آپ کو ملک کی فکر ہے کیونکہ ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے تو آپ عام انتخابات کروا دیں۔ میرا مقصد صرف یہ تھا۔ اُن سے اس کے علاوہ بات چیت تو ہو ہی نہیں سکتی۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کو اس وقت سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اور سیاسی استحکام ہی ملک میں معاشی استحکام لائے گا اور اس کا صرف ایک ہی طریقہ ہے، عام انتخابات۔ ’اس وقت صرف پی ٹی آئی کی ضرورت الیکشن نہیں ہے بلکہ یہ پورے ملک کی ضرورت ہے۔

انھوں نے الزام عائد کیا کہ ’ہینڈلرز‘ پی ڈی ایم کو اقتدار میں لانے کی وجہ بنے، ن لیگ کے رہنماؤں کے انٹرویو موجود ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کی مدد کے بغیر تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہو سکتی جو سہولت کار ان کو لے کر آئے تھے کیا انھیں نہیں پتا کہ ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ تمام بین الاقوامی معاشی اداروں نے ان کو ڈاؤن گریڈ کیا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان اپنا قرضہ بھی واپس نہیں کر سکتا۔ ہمارا پیغام ان ہینڈلرز کے لیے ہے کہ اُن کو پتا ہونا چاہیے کہ ملک کے حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑ رہے ہیں۔

انھوں نے تمام ممبران پارلیمان کو الیکشن کی تیاری کرنے اور حلقوں کا رُخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ’پرویز الہی مجھے کہہ چکے ہیں جبکہ محمود خان بھی تیار بیٹھے ہیں۔

سینیٹر اعظم سواتی کی کوئٹہ پولیس کے ہاتھوں گرفتاری ہر انھوں نے اپنی پارٹی کے اراکین پارلیمان کو ہدایت کی کہ وہ احتجاج کریں اور اپنی آواز بلند کریں۔

Back to top button