آزاد کشمیر انتخابات :باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری

آزاد کشمیرقانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے اضلاع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ کے بعد اب ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

تیسرے مرحلے کے اس انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت شام پانچ بجے ختم ہوگیا جس کے بعد پریزائڈنگ افسر نے پولنگ ایجنٹ کے سامنے بیلٹ باکسز کھول دیے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

انتخابی دنگل میں مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور آئی پی پی کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے حصہ لیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز کا اندراج ہے۔ انتخابی عمل کے نگرانی اور پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے چاروں حلقوں میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔

آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی جس میں مسلم لیگ ن نے 9 نشستوں پر اپنا قبضہ جمایا تھا جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کی تھیں۔

دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی جس میں مسلم لیگ ن 15 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی جبکہ پیپلز پارٹی نے 6 نشستیں حاصل کیں۔

اب تک آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مجموعی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستیں حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے۔

Back to top button