حج کیلئے درخواستوں اور اخراجات کی وصولی کاطریقہ کارتیار

حج 2027کیلئےدرخواستوں اور اخراجات کی وصولی کے طریقہ کارکو حتمی شکل دیدی گئی۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج سکیم کی درخواستوں کی وصولی اگست کے تیسرے ہفتے سے شروع ہوگی۔بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی درخواستیں دے سکیں گے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج اخراجات دو مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے، پہلی بار نصف رقم اورباقی دوسری قسط میں ادا کرنی ہوگی،کوٹہ مکمل ہونے پر مزید درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔
حج 2027 کا مجموعی کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ، سرکاری حج سکیم کے لیے 60 فیصد کوٹہ مختص ہے جبکہ نجی حج سکیم کیلئے40 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ حج کو مکمل ڈیجیٹائز کردیا ہے اور اب عازمین حج گھر بیٹھے درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں۔عازمین کو انتظار اور طویل قطاروں سے بچانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین گھر بیٹھے درخواستیں جمع کروا سکیں گے، عازمین کے پاس ادائیگی کے لیے 3 آپشن موجود ہیں، حج اخراجات کریڈٹ کارڈ یا پی ایس آئی ڈی سے جمع کرا سکیں گے، چالان فارم پرنٹ کرکے نقد رقم بھی جمع کروائی جاسکے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ سرکاری حج سکیم کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 526 ہے، پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع کی جائے گی، حج اخراجات دوسری قسط اکتوبر میں وصول کی جائے گی، پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستیں وصول کی جائیں گی، کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے بتایا کہ نجی عازمین بھی پاک حج ایپ کی ذریعے پرائیویٹ آپریٹر کا انتخاب کرسکیں گے، عازمین پرائیویٹ آپریٹر کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں۔
