امریکہ میں 2 پاکستانیوں سمیت 4 افراد کے قتل پرافسوس کا اظہار

صدر جوبائیڈن نے امریکی ریاست نیومیکسیکومیں 2 پاکستانیوں سمیت چارایشیائی نژاد مسلمانوں کے قتل پرتشویش اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے قاتلوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیو میکسیکو میں یکے بعد دیگرے 4 مسلمانوں کے قتل پر رنج اور غم میں مبتلا ہوں اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں،اگرچہ ہم مکمل تفتیش کے منتظر ہیں مگر میری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور میری انتظامیہ مسلم کمیونٹی کے ساتھ پختگی سے کھڑی ہے۔ ان نفرت انگیز حملوں کی امریکا میں کوئی جگہ نہیں۔

واضح رہے کہ 26جولائی کو 41 سالہ آفتاب حسین کو قتل کیا گیا تھا جس کے بعد یکم اگست کو 27 سالہ افضل حسین کو قتل کیا گیا تھا، ان دونوں کی تدفن سے واپس آنے والے نوجوان نعیم حسین کو پارکنگ ایریا میں دو روز قبل قتل کردیا گیا۔

نیو میکسیکیو پولیس کے تفتیش کاروں کا دعویٰ ہے کہ ان تینوں قتل کی کڑیاں گزشتہ برس نومبر میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے محمد احمدی سے ملتی ہیں جو اسی علاقے میں اپنی دکان میں مارے گئے تھے، چاروں مقتولین میں سے دو کا تعلق پاکستان اور دو کا افغانستان سے ہے۔ ایک مقتول افضال حسین نیو میکسیکو کے ایک شہر کے لینڈ اینڈ پلاننگ ڈائریکٹر تھے۔

واضح رہے کہ پولیس تاحال قتل کی ان چاروں وارداتوں کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔

Back to top button