امریکی ایوان نمائندگان قرارداد پاکستان کی سیاسی صورت حال کی ادھوری سمجھ کا نتیجہ ہے، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے انتخابات کے حوالے سے منظور کی گئی امریکی قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پاکستان کی سیاسی صورت حال کی ادھوری سمجھ کا نتیجہ ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان کی طرف سے ایوان کی قرارداد کی منظوری کے حوالے سے ترجمان وزارت خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے 25 جون کو امریکی ایوان نمائندگان کی طرف سے ایوان کی قرارداد 901 کی منظوری کا نوٹس لیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اس مخصوص قرارداد کا وقت اور سیاق و سباق ہمارے دو طرفہ تعلقات کے مثبت عمل کے ساتھ موافق نہیں ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی صورت حال اور انتخابی عمل کی نامکمل تشریح کی گئی، پاکستان، دنیا کی دوسری سب سے بڑی پارلیمانی جمہوریت اور مجموعی طور پر پانچویں سب سے بڑی جمہوریت ہے، ہمارے اپنے قومی مفاد کے مطابق آئین، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کی اقدار کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر مبنی تعمیری بات چیت اور پر یقین رکھتے ہیں، ایسی قراردادیں نہ تو تعمیری ہیں اور نہ ہی بامقصد ہیں، ہمیں امید ہے کہ امریکی کانگریس پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں معاون کردار ادا کرے گی، باہمی تعاون کی راہوں پر توجہ مرکوز کرے گی جس سے ہمارے عوام اور ممالک دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔

Back to top button