امریکی گلوکار جسٹن بیبر فالج میں مبتلا ہوگئے

امریکہ کے معروف گلوکار جسٹن بیبر فالج کے مرض میں مبتلا ہوگئے ہیں اور ان کے چہرے کا بایاں حصہ معمول کے مطابق کام نہیں کر رہا ہے، گلوکار نے اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں بیماری سے متعلق بتایا۔
جسٹن بیبر نے بتایا میں’رامسے ہنٹ سنڈروم ‘ نامی ایک بیماری میں مبتلا ہوگیا ہوں، آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میری ایک آنکھ نہیں جھپک رہی نہ ہی میں مسکرا سکتا ہوں مجھے اس سنڈروم کی وجہ سے آدھے چہرے کا فالج ہوگیا ہے، مشہور گانے ’’بے بی‘‘ کے گلوکار نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ یہ اہم ہےبراہ کرم دیکھیں، میں آپ لوگوں سے پیار کرتا ہوں مجھے اپنی دعاؤں میں رکھیں۔
گلوکار نے مزید کہا کہ لہٰذا میرے آدھے چہرے پر مکمل فالج ہے، اس لیے جو لوگ میرے اگلے شوز کی منسوخی سے مایوس ہیں، ظاہر ہے میں ان شوز کو کرنے کے قابل نہیں ہوں، جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں یہ کافی سنجیدہ ہے۔ جسٹن اس بیماری کا علاج کروا رہے ہیں اور چہرے کی مشقیں بھی کر رہے ہیں انہیں نہیں معلوم کہ اس میں کتنا وقت لگے گا مگر وہ جلد ٹھیک ہو کر واپس آئیں گے۔
