امریکی سفارتخانہ فون ٹیپ کر رہا ہے

تحریک انصاف نے امریکی سفارتخانے پر الزام عائد کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ہمارے رہنمائوں کے فون ٹیپ کیے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کے مطابق پارٹی رہنمائوں اور صحافیوں‌ کے بھی فون ٹیپ ہو رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شیریں مزاری نے کہا کہ امریکی سفارت خانہ پی ٹی آئی اور صحافیوں پر نگاہ رکھے ہوئے ہے، جمعرات کی شام ایک کلیدی انگریزی روزنامے سے منسلک سینئر صحافی نے فون پر میرے ساتھ مراسلے پر بات کی، بظاہر وہ شاہ محمود قریشی سے بھی بات کر چکے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمعے کی صبح امریکی سفارت خانے سے لئیق نامی اہلکار نے اس صحافی کو فون کر کے پوچھا کہ کیا وہ مراسلے پر کوئی خبر چھاپ رہے ہیں کیونکہ انہوں نے اس معاملے پر فون پر ہم سے بات کی تھی، اب امریکی سفارت خانہ صحافیوں یا ہمارے فونز بھی سن رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کیا تبدیلی سرکار کی امریکی سازش کے منصوبہ سازوں نے، جو خود اس دخل اندازی کے اہل ہیں، امریکا کو باضابطہ طور پر جاسوسی کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے؟ امریکی غلامی کی یہ ایک اور داستان ہے!

Back to top button