انٹر بینک میں ڈالر 4 روپے 90 پیسے مزید سستا ہوگیا
پاکستانی روپے کی قدروقیمت میں بحالی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آج ٹریڈنگ کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 4 روپے 90 پیسے مزید سستا ہوگیا۔
فاریکس ایسوسی ایشن کےاعداد و شمار کے مطابق دوپہر ایک بج کر 20 منٹ تک روپے کی قدر میں 4 روپے 91 پیسے یا 21.21 فیصد کا اضافہ ہوا جس کے بعد روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 217 پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
چیئرپرسن فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان نے روپے کی مسلسل بحالی کی وجہ کئی عوامل کو قرار دیا، روپے کی قدر میں بہتری کی ایک وجہ 19 سے 24 اگست تک آئی ایم ایف کی جانب سے متوقع قسط کا اجرا بھی ہے، اس عنصر کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور مارکیٹ کو درپیش بحران ختم ہوا ہے، پاکستان کی یورو بانڈ ریٹنگ بہتر ہوئی ہے، درآمدی بل میں مسلسل کمی آرہی ہے اور اگست میں مہنگائی کے اعداد و شمار گزشتہ مہینوں کے مقابلے کم ہونے کی توقع ہے،انہوں نے کہاآنے والے دنوں میں روپے کی قدر میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے اور ڈالر کے مقابلے میں 200 تک ٹریڈ کر سکتا ہے۔
سی ای او الفا بیٹا کورخرم شہزاد نے روپے کی قدر میں بہتری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف 10 سے 12 روز میں بورڈ اجلاس کرے گا جس کے بعد ایک ارب 20 کروڑ ڈالر ملنے کی امید ہے،انہوں نے کہاخبر ہے کہ دوست ممالک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور قطر سے 5 ارب ڈالر تک کا پیکج مل سکتا ہے جبکہ چین بھی قرضوں کے مزید رول اوور کے بارے میں بات کر رہا ہے، اس کے علاوہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، حکومتی اقدامات کے باعث درآمدات میں کمی آئی ہے، ان تمام عوامل و عناصر نے شرح تبادلہ پر مثبت اثر ڈالا ہے،آنے والے مہینوں میں روپے کی قدر میں مزید بہتری کی توقع ہے۔
خیا ل رہے کہ رہے کہ ملک میں اضافی ڈالر کی سپلائی کے بغیر روپے کی قدر میں گزشتہ 7 سیشنز کے دوران ڈالر کے مقابلے میں7.91 فیصد یا 18.03 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
