پاکستان نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ سےبچایا،راناثنااللہ

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنااللّٰہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں نے دنیا کو ممکنہ تیسری عالمی جنگ کی تباہی سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ ثالثی کے کردار کے بعد کیا نوبیل پیس پرائز پاکستان کو ملنا چاہیے؟اس پر رانا ثنااللّٰہ نے جواب دیا کہ نوبیل پیس پرائز کس کو ملنا چاہیے، اس کا فیصلہ نوبیل کمیٹی ہی کرے گی، تاہم وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جو کام کیا ہے، وہ نوبیل پیس پرائز سے بھی بڑی بات ہے۔
رانا ثنااللّٰہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایران امریکا معاہدے سے خطے میں امن کے قیام کی امید پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ممکنہ عالمی جنگ کی تباہی سے دنیا کو بچانے کے لیے امن کی کوششیں انتہائی اہم تھیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں سے امن کی راہ ہموار ہوئی۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ جنگی صورتحال کے خاتمے سے خطے میں استحکام آئے گا اور عالمی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ان کے مطابق ایران پر پابندیاں ختم ہونے کی صورت میں خطے میں توانائی کے منصوبے آگے بڑھ سکتے ہیں۔
رانا ثنااللّٰہ نے کہاکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ بحال ہونے سے توانائی بحران میں کمی کی امید ہے، جبکہ توانائی کی فراہمی بہتر ہونے سے گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔
