درآمدی فونز پر عائد 20 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کی یقین دہانی

چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی خزانہ کو درآمدی موبائل فونز پر عائد 20 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کی یقین دہانی کرادی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سید نوید قمر کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں درآمدی و مقامی موبائل فونز پر عائد ٹیکسوں، آٹو پالیسی، الیکٹرک گاڑیوں اور درآمدی ڈیوٹیوں سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے درآمدی موبائل فونز پر عائد 20 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ 200 ڈالر تک مالیت کے موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
اجلاس کو موبائل فونز پر ٹیکسوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ایف بی آر حکام نے بتایا کہ 30 ڈالر تک مالیت کے موبائل فونز پر ٹیکس کی شرح 25 فیصد، 31 سے 100 ڈالر مالیت کے فونز پر 36 فیصد، 101 سے 200 ڈالر مالیت کے درآمدی فونز پر 40 فیصد، 201 سے 350 ڈالر مالیت کے فونز پر مؤثر ٹیکس شرح 38 فیصد، 351 سے 500 ڈالر مالیت کے اسمارٹ فونز پر 40 فیصد جبکہ 500 ڈالر سے زائد مالیت کے فونز پر مؤثر ٹیکس شرح 41 فیصد ہے۔
