اُشنا شاہ کی فلم ’’کیچڑ‘‘ حقیقت سے قریب تر قرار

معروف اداکارہ اُشنا شاہ کی نئی فلم ’’کیچڑ‘‘ کو حقیقت سے قریب تر قرار دیا جا رہا ہے، اداکارہ کے مطابق مجھے اتنے عرصے کے دوران ایسی کوئی فلم پسند نہیں آئی کہ جس میں کام کرنے کا دل کیا ہو مگر اب یہ فلم ’چِکڑ‘ حقیقت کے بہت قریب ہے اور اس میں کام کر کے بہت اچھا لگا، کرائم سسپنس فلم ’چِکڑ‘ کی کاسٹ میں اُشنا کے ساتھ عثمان مُختار، فریال محمود، نوشین شاہ، سلیم معراج، علی شیخ، عدنان شاہ ٹیپو سمیت ٹی وی اور تھیٹر کے دیگر تجربہ کار اداکار شامل ہیں۔اُشنا نے مزید کہا کہ ’یہ فلم معاشرے کے اُن تلخ حقائق کے گرد گھومتی ہے کہ جن کو ہر انسان محسوس کر سکتا ہے چاہے وہ ایلیٹ طبقے سے تعلق رکھتا ہو یا نچلے طبقے سے، ’چِکڑ‘ نام سنتے ہی پہلا خیال یہی آتا ہے کہ یہ شاید ہمارے معاشرے کے کسی روایتی سے کردار کے گرد گھومتی دکھائی دے گی، مگر فلم میں اہم کردار ادا کرنے والی اُشنا شاہ نے بتایا کہ اس فلم کا نام ’چِکڑ‘ ایک سین کی وجہ سے رکھا گیا ہے، فلم کے ایک سین میں ایک ڈائیلاگ ہے کہ ’جب کوئی چِکڑ میں گرتا ہے تو بدبو باہر والے کو آتی ہے۔ یہ فلم آٹھ دن کی کہانی ہے، جس میں کوئی روایتی گانا اس طرح سے شامل نہیں کیا گیا کہ جیسے پاکستانی فلموں میں عام طور پر ہوتا ہے۔ فلم میں اُشنا کے شوہر کا کردار عثمان مختار نے ادا کیا ہے، عثمان مختار اس فلم میں ایس ایس پی پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دے رہے ہیں اور وہ دونوں شہر سے دور ایک گاؤں میں قتل کی تحقیقات اور اس معاملہ کو حل کرنے کیلئے جاتے ہیں۔اداکارہ کہتی ہیں کہ ’سوشل میڈیا کی وجہ سے اب سچ چُھپ نہیں سکتا، کوئی سچ دیکھنا چاہے یا نہیں مگر حقیقت سب کے سامنے آ رہی ہے، اُشنا سے جب سوال کیا گیا کہ اُن کے سوشل میڈیا کو دیکھ کر وہ ایک دبنگ شخصیت لگتی ہیں، تو کیا اُن کے مداح اُنھیں مستقبل میں کسی آئیٹم سونگ میں دیکھ سکتے ہیں جس پر اُن کا کہنا تھا ’اس بات کا انحصار کہانی پر ہے، اگر کسی رول کی ڈیمانڈ ہوئی تو میں وہ کروں گی مگر کچھ چیزیں کرنے میں دلی سکون بھی ضروری ہوتا ہے۔اُشنا یوں تو کئی ڈراموں میں نظر آتی رہتی ہیں تاہم انھوں نے اپنے کرئیر کا آغاز 2013 میں ڈرامے ’میرے خوابوں کا دیا‘ سے کیا ان کے مقبول ڈراموں میں پری زاد، حبس، چیخ، الف اللہ اور انسان سمیت کئی دیگر ڈرامے شامل ہیں، یوں کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا کہ اُشنا کو شوبز انڈسڑی میں پہچان بنانے میں ان ڈراموں کا اہم کردار رہا ہے۔اُشنا نے پہلی فلم 2016 میں کی جس کا نام ’تیری میری لو سٹوری‘ ہے یہ فلم ریلز کے دو دن بعد ہی بند کر دی گئی تھی، اُشنا نے بتایا کہ تکنیکی وجوہات کی وجہ سے یہ فلم بند ہوئی تھی مگر اُن کو بہت دکھ تھا۔ اس فلم کے بعد اُنھوں نے ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ میں سپیشل اپیرینس دی جس کے بعد اب وہ فلمی دنیا میں واپس آئی ہیں۔
