آئی ایم ایف نے پنجاب میں جاری میگا پراجیکٹس پرتحفظات کا اظہارکردیا

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی طرف سے صوبہ پنجاب میں غیر ملکی فنڈنگ سے جاری 3 ترقیاتی منصوبوں پر اعتراضات کر دئیے گئے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پنجاب میں جاری 2کھرب 52 ارب کے تین میگا پراجیکٹس کے حوالے سے اپنے تحفظات کے بارے میں صوبائی حکومت کو آگاہ کر دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پنجاب ٹورازم فار اکنامک گروتھ ، ڈیزاسٹر اینڈ کلائمیٹ ریزلیئینس امپروومنٹ اور پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے معاملات بارے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔آئی ایم ایف نے مذکورہ تینوں منصوبوں کیلئے اب تک 10ارب روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئیے ہیں، تاہم مذکورہ منصوبوں میں دئیے گئے اہداف کے مطابق کام نہ ہونے کے باعث آئی ایم ایف نے تحفظات کا اظہار کیا ۔جبکہ ٓئی ایم ایف کی طرف سے سٹیز پروگرام کی کارکردگی کو تسلی بخش اور محکمہ زراعت کے سمارٹ پروگرام کی کارکردگی کو جزوی تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف حکام نے چند روز قبل وزیر اعلی ٰ پنجاب سے ملاقات کر کے انہیں میگا پراجیکٹس کے حوالے سے اعتراضات کی رپورٹ پیش کی تھی۔تاہم اس حوالے سے پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ بعض معاملات پر کچھ اعتراضات اٹھے ہیں جنہیں دور کیا جا رہا ہے، تاہم ان اعتراضات کے باعث کسی پراجیکٹ کو نقصان نہیں ہوگا، تمام پراجیکٹس جاری ہیں ۔
