بالائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ

پاکستان محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں، خصوصاً گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں آئندہ ہفتے متوقع نئی مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرے سے متعلق الرٹ جاری کردیا۔

گلوف سے مراد گلیشیائی جھیل سے پانی اور ملبے کا اچانک اخراج ہے، جس کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں انسانی جانوں، املاک اور لوگوں کے روزگار کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں 71 لاکھ سے زیادہ افراد اس خطرے سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

ہفتہ کے روز جاری کیے گئے الرٹ میں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کی گلیشیائی وادیوں میں جزوی سے مکمل ابر آلود موسم کے ساتھ معتدل سے شدید بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ زیادہ درجہ حرارت اور بارشوں کا امتزاج برف اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا سبب بن سکتا ہے۔

 

Back to top button