ایران سے معاہدے میں کیا طے پائے گا؟ ٹرمپ نے کھل کر بتا دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ امریکا کا مجوزہ معاہدہ ابھی مکمل طور پر طے نہیں پایا، تاہم اس حوالے سے “اچھی خبر” ہی سامنے آئے گی کیونکہ وہ “بری ڈیل” نہیں کرتے۔

امریکی ٹی وی چینل اے بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدہ سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور کے جوہری معاہدے سے بالکل مختلف ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک کسی نے اس معاہدے کی مکمل تفصیلات نہیں دیکھیں، اس لیے بغیر معلومات تنقید کرنے والوں کی باتوں پر توجہ نہیں دینی چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان سے پہلے آنے والی امریکی قیادت کو یہ معاملہ کئی برس پہلے حل کر لینا چاہیے تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات منظم اور تعمیری انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں جبکہ معاہدے کی کامیابی کا انحصار ایران کے فیصلوں پر ہوگا۔

امریکی صدر کے مطابق وہ ایسا معاہدہ چاہتے ہیں جو امریکا کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ میں استحکام کیلئے بھی مؤثر ثابت ہو۔

رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک جنگی جہاز کے نیچے نصب میزائل کی تصویر بھی شیئر کی، جس پر ایک مخصوص جملہ تحریر تھا۔ مبصرین اس پوسٹ کو ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور مذاکرات کے تناظر میں اہم قرار دے رہے ہیں۔

Back to top button