کیو آر کوڈ سے سستی بجلی حاصل کرنے کا آسان طریقہ کیا ہے؟

حکومت نے کم آمدن والے اور مستحق صارفین کیلئے بجلی کے بلوں میں سبسڈی حاصل کرنے کا نیا اور آسان ڈیجیٹل طریقہ متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے ریلیف حاصل کیا جا سکے گا۔
پنجاب حکومت نے وفاقی سطح پر جاری ’کراس سبسڈی پروگرام 2026‘ کے تحت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں پر کیو آر کوڈ پرنٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سبسڈی کے نظام میں شفافیت لانا اور ریلیف صرف اصل حق دار افراد تک پہنچانا ہے۔
پاور ڈویژن حکام کے مطابق اس نئی مہم سے ایک ہی گھر میں متعدد میٹرز کے ذریعے سبسڈی لینے کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
یہ سہولت بنیادی طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد اور ماہانہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے متعارف کرائی گئی ہے۔
حکام نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے آفیشل پورٹل پر جائیں، جہاں 14 ہندسوں کا ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ نمبر درج کرنے کے بعد ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کے ذریعے تصدیق مکمل کی جا سکتی ہے۔
حکومت نے ان افراد کیلئے بھی خصوصی انتظامات کیے ہیں جو اسمارٹ فون استعمال نہیں کرتے یا ٹیکنالوجی سے واقف نہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور یونین کونسل کی سطح پر خصوصی ڈیجیٹل ڈیسک اور ہیلپ کیمپ قائم کیے گئے ہیں تاکہ رجسٹریشن میں عوام کی مدد کی جا سکے۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بجلی کے بل پر درج نام اور شناختی کارڈ کی تفصیلات میں مکمل مطابقت یقینی بنائیں تاکہ سبسڈی کے حصول میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
حکام کے مطابق اگر کوئی صارف کیو آر کوڈ اسکین نہ کر سکے تو وہ براہِ راست حکومت کے کراس سبسڈی پروگرام کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر بھی اپنی معلومات درج کرکے رجسٹریشن مکمل کر سکتا ہے۔
