ایف بی آر نے ٹیکسوں کیلئے نئی قیمتوں کا اطلاق موخر کر دیا
ایف بی آر نے اگلے سال 16 جنوری تک ٹیکسوں کے لیے نئی قیمتوں کو مؤخر کر دیا ، ایف بی آر کی جانب سے یہ اقدام جائیداد کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر جاری تنازع کو ختم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ایف بی آر کے فیصلے کے بعد جائیداد کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ اور ریئل اسٹیٹ کے اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں۔خیال رہے کہ ایف بی آر نے یکم دسمبر کو ملک کے 40 بڑے شہروں میں ٹیکس لگانے کے مقصد سے پراپرٹی کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا تاکہ انہیں مارکیٹ ریٹ کے برابر لایا جا سکے۔
جائیداد کے لین دین پر اصل انکم ٹیکس وصول کرنے کے لیے نرخوں پر نظر ثانی کی گئی تھی۔اس ضمن میں جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ان لینڈ ریونیو کے تمام چیف کمشنرز (سی سی آئی آرز) قیمتوں پر نظرِ ثانی کی کمیٹیاں (وی آر سی) تشکیل دیں گے اور انہیں 10 دسمبر تک نوٹیفائی کریں گے جبکہ کوئی بھی اسٹیک ہولڈر جسے قیمتوں پر تحفظات ہوں وہ 15 دسمبر تک وی آر سی میں درخواست دے سکتا ہے۔
چنانچہ وی آر سی موصول ہونے والی درخواستوں پر 10 جنوری 2022 تک فیصلہ کرکے نوٹی فکیشن کے لیے اسے ایف بی آر بھجوائیں گی جس کے بعد وی آر سی کی قیمتوں کے حوالے سے تمام سفارشات کو 15 جنوری 2022 کو دوبارہ نوٹیفائیڈ کیا جائے گا جو 16 جنوری سے لاگو ہوں گی۔
