مظفرآباد : وفاقی حکومتی کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات ختم

مظفرآباد میں وفاقی مذاکراتی کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات ختم ہوگئے۔عوامی ایکشن کمیٹی کا 9 جون کو ہڑتال اور لانگ مارچ کی کال برقرار رکھنے کا اعلان۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مذاکرات ناکام نہیں ہوئے، کسی بھی وقت دوبارہ ہوسکتے ہیں،آزاد کشمیر کے انتخابات آئین کےمطابق ہوں گے۔حکومت آزاد کشمیر نے اس صورت حال میں آل پارٹیز کانفرس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، 6 یا 7 جون تک دوبارہ میٹنگ کا امکان ہے۔
ذرائع کےمطابق آزادکشمیر میں مہاجرین کی 12 نشستوں کےخاتمے سمیت عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر مذاکرات ہوئے۔مذاکرات کےبعد ہی آزاد کشمیر میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ ہوگا۔
خیال رہےکہ مذاکرات میں رانا ثناء اللہ ، قمر زمان کائرہ،راجہ پرویز اشرف،احسن اقبال، وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔
