بجلی کے بل فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ منہا کرکے جمع کرانے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے بجلی صارفین کا بڑا ریلیف دیتے ہوئے فیول ایڈجسمنٹ ٹیکس منہا کرکے باقی بل جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت عالیہ نے یہ حکم بجلی کی تیاری میں استعمال ہونے والے ایندھن کی لاگت کو بعد بعد بجلی کے بلوں میں ایڈجسٹ کرنے کیلئے اضافی رقم شامل کرنے کے خلاف دائر درخواست پر دیا۔
جسٹس شاہد وحید نے فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج کے خلاف محمد صادق و دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، ساتھ ہی عدالت نے عدالت نے وفاقی حکومت، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور لاہور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (لیسکو) سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ اسی نوعیت کی تمام درخواستوں کو یکجا کر کے 14 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
درخواست گزار محمد صادق نے اپنے وکیل خالد کریم چوہدری کی وساطت سے عدالت عالیہ میں درخواست دائر کی تھی جس میں وفاق، لیسکو کو فریق بنایا گیا تھا، درخواست گزار ننے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسمنٹ کی منظوری دی، جس سے بجلی مزید مہنگی ہوگئی۔
درخواست گزار نے استدلال کیا کہ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسمنٹ قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں ہے، ساتھ ہی انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسمنٹ کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی رقم منہا کر کے بل کی بقیہ رقم جمع کرانے کا حکم دیا اور سماعت 14 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل ہی وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی استعمال کرنے والے ایک کروڑ 71 لاکھ اور زرعی ٹیوب ویل کے 3 لاکھ صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ سرچارج (ایف اے سی) سے استثنیٰ دے دیا تھا۔
