شہر قائد میں28اگست کو شیڈول بلدیاتی انتخابات ملتوی

الیکشن کمیشن نے سیلاب اور بارشوں کے سبب سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حیدرآباد میں 28 اگست کو شیڈول بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جانے کے ایک روز بعد کراچی میں بھی لوکل باڈیز الیکشن ملتوی کردیے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ صوبائی الیکشن کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ پر کیاگیا، جس میں شدید بارشوں اور سیلاب کے سبب پیدا شدہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کےانتخابات ملتوی کرنےکے حوالے سے آج دو اہم اجلاس ہوئے، پہلے اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن کو 6 اداروں سے رپورٹ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا تھا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق 28 اگست کو ہی ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سیلاب اور بارشوں کے باعث سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حیدرآباد میں 28 اگست کو شیڈول بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے اور کراچی کے حوالے سے جائزہ لینے کے لیے اجلاس آج دوبارہ طلب کیا تھا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حالیہ سیلاب کی بدترین تباہ کاریوں، نقصانات، لوگوں کی نقل مکانی، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، ضلعی انتظامیہ کی سفارشات اور موسمیات کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع میں 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات حالات کے بہتر ہونے تک ملتوی کردیے ہیں۔
اعلامیہ میں بتایا گیا تھا کہ کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا جائزہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن کا اجلاس کل 24 اگست 2022 کو دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے، جس میں سندھ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف نکات، مشکلات اور موسم کی رپورٹ کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 28اگست کو ہونے تھے۔
