برطانیہ نے اپنے شہریوں کیلئے پاکستان میں سفری شرائط نرم کردیں

برطانیہ نے سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری کے بعد پاکستان کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزری یعنی سفری ہدایات میں تبدیلی کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو سفر کے لیے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچیئن ٹرنر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ویڈیو میں بتایا کہ پاکستان میں امن عامہ کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر برطانیہ نے اپنے شہریوں کیلئے پاکستان کے حوالے سے ٹریول ایڈوائزری تبدیل کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی ٹریول ایڈوائزری میں برطانوی شہریوں کیلئے پاکستان کے شمالی علاقوں کا سفر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنرنے مزید کہا ہے کہ ‘دسمبر2019 میں پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سفری ہدایات کا جائزہ ترجیحی بنیادوں پر لیا’۔ انھوں نے مزید کہا کہ ‘حکومتِ پاکستان کی گذشتہ پانچ برسوں کے دوران امن و امان کو بہتر کرنے کی ان تھک کوششوں کا نتیجہ ہے’۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ‘مجھے خوشی ہے کہ اب برطانیہ کے شہری پاکستان میں خوبصورت سیاحتی مقامات سے زیادہ لطف اندوز ہوسکیں گے’۔ میں خود بھی پاکستان کے مزید خوبصورت علاقوں کے سفر کا خواہش مند ہوں۔

اسلام آباد میں قائم برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ‘برطانیہ نے آج سفری ہدایات تبدیل کردی ہیں جو پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال کی بہتری کا عکس ہے’۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ‘یہ اعلان برطانیہ کا پاکستان کے لیے سفری ہدایات کے تفصیلی جائزے کا نتیجہ ہے جو ملک میں سیکیورٹی صورت حال کا وسیع جائزے کی بنیاد پر کیا گیا ہے’۔ اعلامیے کے مطابق ‘سیکیورٹی کی بہتر صورت حال کے نتیجے میں جون 2019 میں برٹس ایئرویز نے پاکستان میں اپنی پرواز بحال کردی اور اکتوبر 2019 میں ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج نے پاکستان کا دورہ کیا’۔ پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تبدیلیوں سے برطانوی شہریوں کو پاکستان کے شمالی علاقہ جات بشمول کیلاش اور بمبورت وادیوں تک بذریعہ سڑک جانے کی اجازت ہو گی’۔

یاد رہے برٹش ایئرویز نے ستمبر 2008 میں اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد پاکستان کے لیے اپنی پروازوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا تھا۔ برٹش ایئرویز نے 2018 میں پاکستان کی سیکیورٹی کی صورت حال کو بہتر تسلیم کرتے ہوئے اپنی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ پاکستان میں اس وقت کے برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہیتھرو ایئرپورٹ سے اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز آئندہ جون سے کیا جائے گا۔ بعدازاں 3 جون 2019 کو برٹش ایئرویز کی پرواز BA261، بوئنگ طیارے 787 میں 200 سے زائد مسافروں کو لے کر صبح 9 بج کر 15 منٹ پر اسلام آباد پہنچی تھی۔ پاکستان کے لیے پروازوں کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ شیڈول کے مطابق برٹش ایئر ویز کی ہفتہ وار 3 پروازیں اسلام آباد سے لندن اور لندن سے اسلام آباد چلائی جائیں گی۔
14 اکتوبر 2019 کو برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ گئے تھے اور پاکستان کے مختلف شہروں کے علاوہ شمالی علاقہ جات اور لاہور کا بھی دورہ کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button