بلوچستان میں 14 رکنی صوبائی کابینہ کی تشکیل کے معاملات طے

ترجمان گورنر ہاوس کے مطابق بلوچستان میں 14 رکنی صوبائی کابینہ کی تشکیل کے معاملات طے کر لیے گئے ہیں ۔نئی صوبائی کابینہ کی تقریب حلف برداری 7 نومبر بروز اتوارکو ہوگی۔

نئی صوبائی کابینہ میں شامل وزراء سے گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا حلف لیں گے ، وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبد القدوس بزنجو سمیت اعلیٰ سول و ملٹری حکام تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان سردار عبدالرحمان کھیتران کے مطابق بلوچستان کابینہ میں پانچ مشیر بھی شامل ہوں گے جبکہ اٹھارویں ترمیم کے بعد کابینہ میں 14 وزیر ہوں گے جو بروز اتوار گورنر ہاوس میں حلف اٹھائیں گے۔ سردار عبدالرحمان کھیتران کے مطابق تمام اتحادیوں سے مشاورت کے بعد تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے ہوگئے۔

ترجمان بلوچستان عوامی پارٹی نے کہا کہ ہمارے درمیان کوئی اختلافات نہیں ہیں جس طرح وزیراعلیٰ اور اسپیکر کو منتخب کیا گیا ، اسی طرح صوبائی کابینہ کا فیصلہ بھی انجام پائے گا۔

گذشتہ ماہ 25 اکتوبر کو میر عبدالقدوس بزنجو نے اسپیکر اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جبکہ ایک روز قبل جام کمال وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے مستعفی ہوئے۔

Back to top button