بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا مرکز ہے: فیلڈ مارشل
مستحکم امن پائیدار معاشی سرگرمیوں اور ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے، محفوظ ماحول سے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں اور معاشی مواقع کو فروغ ملے گا: سید عاصم منیر

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا مرکز ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں بلوچستان کی سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بلوچستان کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں، سماجی و اقتصادی ترقی اور عوامی فلاح سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، فرض شناسی اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا مرکز ہے۔
سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ مستحکم امن ایسا ماحول فراہم کرتا ہے جو پائیدار معاشی سرگرمیوں اور ترقی کے لیے سازگار ہے، جبکہ محفوظ اور مستحکم ماحول سے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں اور معاشی مواقع کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور افسران و جوانوں کی فرض شناسی اور عزم کو سراہا۔
دوسری جانب ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
