بل گیٹس نے خاتون ملازمہ سے جنسی تعلق تسلیم کر لیا


مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے بالآخر تسلیم کرلیا ہے کہ ان کے اپنی ایک ملازمہ سے جنسی تعلقات تھے۔ بل گیٹس کے حوالے سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ وہ ماضی میں کمپنی کی خواتین ملازمین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے میں ملوث رہے ہیں جس کا علم ان کی اہلیہ ملینڈا فرنچ گیٹس کو بھی تھا، تاہم انہوں نے اس معاملے پر بچوں کے جوان ہونے تک خاموشی اختیار کیے رکھی۔ یاد رہے کہ مسز گیٹس نے اپنی سب سے چھوٹی بیٹی فوبی کے 18 سال کے ہو جانے پر بالآخر بل گیٹس سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔
جنسی مراسم کے اعتراف سے بل گیٹس کی صاف ستھری شخصیت کا تصور بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بل گیٹس نے یہ اعتراف اپنی ایک ترجمان کے ذریعے وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کے بعد کیا جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ بل گیٹس مارچ 2020 میں اپنی کمپنی مائیکرو سافٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے اس لیے الگ ہوئے تھے کہ ان کے خلاف جاری کمپنی کی تحقیقات میں یہ بات ثابت ہو گئی تھی کہ ان کے اپنی ایک خاتون ملازمہ کے ساتھ جنسی تعلقات تھے۔
تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ 2 دہائیوں پرانے اس ناجائز تعلق یا کمپنی کی تحقیقات کا مائیکرو سافٹ کے شریک بانی اور ان کی اہلیہ ملینڈا فرنچ گیٹس کی 27 سالہ شادی کے خاتمے میں کوئی کردار ہے یا نہیں۔
یاد رہے کہ مئی کے شروع میں اس جوڑے نے اپنی علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ طلاق کی درخواست میں ملینڈا گیٹس نے شادی کو ‘ناقابل تلافی حد تک ٹوٹ پھوٹ’ کا شکار قرار دیا تھا۔ اب بل گیٹس کی ترجمان بریجیٹ آرنلڈ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ بل کا ایک معاشقہ تقریباً 20 سال پہلے ہوا تھا جس کا اختتام دوستانہ انداز میں ہو گیا تھا۔ مائیکرو سافٹ نے بھی اخبار کی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 2019 میں کمپنی کے بورڈ نے ایک انجنیئر کے الزامات کی جانچ پڑتال کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اس کے بل گیٹس سے ناجائز مراسم تھے۔ کمپنی کے ترجمان فرینک شا نے بتایا کہ مائیکرو سافٹ کو 2019 میں معلوم ہوا تھا کہ بل گیٹس نے 2000 میں ایک کمپنی عہدیدار سے ناجائز تعلقات قائم کیے تھے۔ بورڈ کی ایک کمیٹی نے اس معاملے کی جانچ پڑتال کی اور ایک لا فرم کے ذریعے تحقیقات کی گئیں، تحقیقات کے دوران اس معاملے کو اٹھانے والی خاتون عہدیدار کو کمپنی کی جانب سے سپورٹ فراہم کی گئی’۔
بل گیٹس نے مارچ 2020 میں مائیکرو سافٹ کے بورڈ سے علیحدگی اختیار کر۔لی تھی تاہم کمپنی کے ترجمان نے اس بات سے اختلاف کیا کہ شریک بانی کے بورڈ سے الگ ہونے کا تعلق معاشقے کی تحقیقات سے تھا۔ تحقیقات سے آگاہ ایک فرد نے بتایا کہ بل گیٹس نے تحقیقات مکمل ہونے سے قبل ہی بورڈ کو چھوڑ دیا تھا۔ بل کی ترجمان فرینک شا کے مطابق بل گیٹس کی بورڈ سے علیحدگی کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں، درحقیقت ان کی جانب سے کئی برسوں سے فلاحی کاموں کے لیے زیادہ وقت صرف کرنے میں دلچسپی ظاہر کی جارہی تھی۔
دوسری جانب نیویارک ٹائمز نے بھی اپنی رپورٹ میں بل گیٹس کے حوالے سے حیران کن انکشاف کیے کہ وہ ماضی میں کمپنی کی خواتین ملازمین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے میں ملوث رہے ہیں۔ رپورٹ میں مختلف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جب بل گیٹس مائیکرو سافٹ کمپنی میں اعلیٰ عہدے پر تھے، تب ان کا رویہ خواتین ملازمین کے ساتھ درست نہیں تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بل گیٹس کی کمپنی کے عہدے سے علیحدگی کی ایک وجہ ان کی جانب سے خواتین ملازمین کے ساتھ ناروا رویہ بھی تھا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق ملینڈا گیٹس نے 2019 میں طلاق کےلیے وکلا کی خدمات اس وقت حاصل کی تھی جب بل گیٹس کی جنسی جرائم میں ملوث جیفری اپسٹن کی ملاقاتیں عوام کے سامنے آئی تھیں۔
واضح رہے کہ جیفری اپسٹن پر امیر ترین افراد کو جسم فروشی کےلیے کم عمر لڑکیاں فراہم کرنے جیسے الزامات تھے اور انہوں نے 2019 میں امریکی جیل میں خودکشی کرلی تھی۔
بل گیٹس کی ترجمان کے مطابق جیفری اپسٹن سے بل گیٹس کا تعلق مکمل طور پر کاروبار سے متعلق تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ بل گیٹس کی طلاق کے بعد ان کی شخصیت کو خراب کرنے کےلیے من گھڑت کہانیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔
بل گیٹس کے معاشقے کے حوالے سے ابھی تفصیلات زیادہ واضح نہیں، اور یہ معلوم نہیں کہ یہ کتنے عرصے تک چلا اور کیا وہ خاتون اس کے بعد بھی مائیکرو سافٹ میں کام کرتی رہی یا نہیں۔ یہ بھی واضح نہیں کہ کس وجہ سے 19 سال بعد اس خاتون نے اس تعلق کے بارے میں کمپنی کو آگاہ کیا۔ مگر ان رپورٹس سے بین الاقوامی سطح پر بل گیٹس کی صاف ستھری شخصیت کا تصور ضرور مجروح ہوا ہے جن کو بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے جانا جاتا تھا۔
لیکن اب انکشاف ہوا کہ وہ اپنی پوزیشن کا فائدہ اٹھا کر کمپنی کی خواتین ملازمین کا استحصال کرتے تھے اور انکا جنسی جنونی جیفری اپسٹن سے بھی گہرا تعلق تھا۔ خیال رہے کہ بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس نے 3 مئی کو اچانک ایک دوسرے سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ جوڑے کی جانب سے طلاق کی وجہ پر روشنی نہیں ڈالی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ علیحدگی کےلیے اتنے سال تک کیوں انتظار کیا گیا۔ تاہم ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ طلاق کے اعلان کےلیے اتنے برسوں تک انتظار کی وجہ ان کے بچے تھے۔

Back to top button