پہلا ٹی ٹوئنٹی : پاکستان نے بنگلہ دیش کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی ، بنگلہ دیشی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو فتح کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
میرپور میں کھیلے جانے والی پاک بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں ، عماد وسیم اور آصف علی کو آرام دیا گیا ہے۔
شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں جاری میچ میں محض 15 کے مجموعی سکور پر میزبان ٹیم کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔محمد نعیم اور سیف حسان ایک، ایک جبکہ نجم الحسین شانتو 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اوپننگ بلے باز جلد آئوٹ ہونے پر عفیف حسین اور کپتان محمود اللہ نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 40 کے مجموعے پر محموداللہ بھی عفیف کا ساتھ چھوڑ گئے اور 6 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
عفیف حسین نے 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے لیکن 13ویں اوور میں شاداب خان نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔نور الحسن اور مہدی حسن نے کچھ مزاحمت کی لیکن 96 کے مجموعی اسکور پر یہ مزاحمت دم توڑ گئی اور نورالحسن 28 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران بنگلہ دیش کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی امین الاسلام تھے جو صرف 2 رنز بنا سکے۔اس طرح مقررہ اوورز میں میزبان ٹیم 127 رنز بنا سکی جواب میں پاکستان نے ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد وسیم نے 2 جبکہ محمد نواز اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
Facebook Count
