بگ باس 14 کی میزبانی کیلئے سلمان خان کا ساڑھے 4 ارب روپے کا معاہدہ

بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شوز میں سب سے مشہور شو ’بگ باس‘ کا 14 واں سیزن جلد نشر ہوگا اور اطلاعات ہیں کہ رواں برس بھی اس شو کی میزبانی سلمان خان ہی کریں گے۔
سلمان خان گزشتہ 10 برس سے اس شو کی میزبانی کرتے آ رہے ہیں اور ہر سال انہوں نے اپنے معاوضے میں ماضی کے مقابلے میں اضافہ کیا ہے۔ جہاں سلمان خان نے میزبانی کےلیے اپنی فیس بڑھائی، وہیں ہر سال بگ باس کی شہرت اور تنازعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا اور پروگرام نے ریٹنگ اور کمائی کے نئے ریکارڈ بھی بنائے۔
’بگ باس 14‘ ’کلرز‘ ٹی وی پر 3 اکتوبر سے شروع ہوگا تاہم ابھی تک شو میں شامل ہونے والی شخصیات کی فہرست کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔ اطلاعات ہیں کہ اس بار سلمان خان نے پچھلے سال کے مقابلے اپنی فیس میں پروگرام کی میزبانی کے لیے مزید اضافہ کردیا ہے۔
گزشتہ برس انہوں نے مجموعی طور پر 26 قسطوں کےلیے مجموعی معاوضہ 403 کروڑ روپے طے کیا تھا۔
اطلاعات ہیں کہ سلمان خان نے رواں برس شو کی میزبانی کےلیے گزشتہ برس سے بھی زیادہ معاوضہ وصول کرنے کےلیے 450 کروڑ روپے ( ساڑھے 4 ارب ) کا معاہدہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دبنگ ہیرو اس سال فی قسط کا 20 کروڑ روپے معاوضہ وصول کریں گے۔
بگ باس کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اگر ہم فی قسط 20کروڑ روپے کا حساب لگائیں تو مجموعی طور پر 480 روپے بنتے ہیں لیکن سلمان خان کی ٹیم نے 450 کروڑ روپے پر ڈیل فائنل کردی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس رقم میں پروموز اور ورچوئل پریس کانفرنسز کی فیس بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پروڈیوسرز یہ بھاری معاوضہ دینے کو تیار ہیں کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ سلمان خان شو کی زیادہ ریٹنگ کی بنیادی وجہ ہیں۔ بگ باس 14 کے سیٹس فلم سٹی میں تعمیر کیے گئے ہیں اور یہ خیال کیا جارہا ہے کہ سلمان خان شوٹ کےلیے ہر ہفتہ کو اپنی رہائش گاہ سے گورگاؤں کا سفر کریں گے اور ہفتے اور اتوار کا دن اس بنگلے میں گزاریں گے جو خصوصی طور پر ان کےلیے تعمیر کیا گیا ہے۔
سلمان خان کے معاہدے میں سیزن میں توسیع سے متعلق ایک خصوصی شق بھی شامل ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بگ باس کے پچھلے ایڈیشن میں 10 اقساط کا اضافہ کیا گیا تھا جس میں اداکار نے توسیعی اقساط کے فی قسط ساڑھے 7 کروڑ روپے وصول کیے تھے۔
اگر اس بار متفقہ 12 ہفتوں میں ریئلٹی شو ختم نہیں ہوتا تو سلمان خان کی ٹیم اور پروڈیوسرز اضافی معاوضے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سیزن میں ٹک ٹاک اسٹارز سمیت سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے والے(انفلوئنسر) افراد بھی شامل ہوں گے۔
علاوہ ازیں پچھلے سیزن سے شہناز گل، سدھارتھ شکلا اور رشمی دیسائی کے بھی شو میں آنے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button