بھارتی اداکارہ سونم باجوہ کا جنرل باجوہ سے کیا تعلق ہے؟

بھارتی اداکارہ سونم باجوہ نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ان کے بہت سارے دوست ہیں، اداکارہ کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پنجابی زبان کی ویڈیو میں انہیں پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اداکارہ نے پنجابی میں کہا کہ ان کا دل بہت کرتا ہے کہ وہ پاکستان جائیں کیوں کہ ان کے بہت سارے دوست وہاں ہیں۔سونم باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ایک بار ضرور پاکستان جائیں اور انہیں امید ہے کہ ان کی خواہش پوری ہوگی، بھارتی اداکارہ نے محبتیں دینے اور پسند کرنے پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام افراد کی مشکور ہیں جو انہیں پسند کرتے ہیں، اداکارہ نے امید ظاہر کی کہ ان کا خواب پورا ہوگا اور وہ ایک دن پاکستان جائیں گی، جہاں وہ کرتارپور بھی جائیں گی، یہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جبکہ حال ہی میں انہیں پاکستانی اداکار احسن خان کے ہمراہ پاکستانی کلاتھنگ برانڈز کی تشہیر میں دیکھا گیا تھا، ویڈیو سے قبل بھی سونم باجوہ متعدد بار پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کر چکی ہیں اور وہ فواد علی خان کو اپنا پسندیدہ اداکار جب کہ سجل علی کو پسندیدہ اداکارہ قرار دے چکی ہیں۔واضح رہے کہ اداکارہ سونم باجوہ نے لندن کے لگژری مرکز میں معروف فیشن ڈیزائنر محسن نوید رانجھا اور کاروباری شخصیت ملک اسد کے پہلا پاکستانی فیشن برانڈ کھلنے کی تقریب میں بھی شرکت کی اور ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔معروف بھارتی پنجابی اداکارہ سونم باجوہ وائرل ویڈیو میں ہندوستان اور پاکستان کے مشہور جنرل باجوہ اورپاکستانیوں کے پیار کے بارے میں بات کرتی دکھائی دے رہی ہیں، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صحافی سونم باجوہ سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ آج کل باجوہ بہت مشہور ہیں، ہمارے ایک آرمی چیف بھی جنرل باجوہ تھے جس پر سونم باجوہ کہتی ہیں کہ باجوہ میرا خاندانی نام ہے اور دوسرا میں پنجابی ہوں اس لیے اکثر پاکستانیوں کو لگتا ہے کہ میں انہی میں سے ہوں اور یہ بہت خوبصورت احساس ہے۔ایک صارف نے لکھا کہ سونم باجوہ کا پنجابی میں بات کرنا ان کی پنجابی سے محبت کو ظاہر کرتا ہے، وہ جب بھی اپنے دل کی بات کہتی ہیں تو پنجابی میں بات کرتی ہیں۔ایک ایکس صارف نے لکھا کہ واحد باجوہ جس سے ہم محبت کرتے ہیں۔راجہ محمد فاروق حیدر لکھتے ہیں کہ ہمارے پاس بھی ایک عظیم باجوہ ہیں جو ابھی چند سال قبل ہی ریٹائر ہوئے ہیں۔

Back to top button