بھارت میں تاریخی مسجد کی شہادت پر پاکستان کا شدید ردعمل، عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

دفتر خارجہ نے مسلمانوں کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی اور مسماری کا سلسلہ فوری روکنے پر زور دیتے ہوئے بھارتی حکام کے اقدامات کا عالمی سطح پر نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا

پاکستان نے بھارت میں تاریخی مسجد کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مسلمانوں کے خلاف منظم استحصال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی شہر سہارنپور میں تاریخی مسجد کو گرانے کا اقدام قابلِ مذمت ہے، جبکہ بابری مسجد کی 1992 میں مسماری مذہبی عدم برداشت، تعصب اور نفرت کی واضح علامت بن چکی ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی اور انہیں مسمار کرنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جانا چاہیے۔ بھارتی حکام کی جانب سے مسلمانوں کے منظم استحصال پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینی چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک اور ان کی عبادت گاہوں سے متعلق پیش آنے والے واقعات کا نوٹس لے۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر سہارنپور میں انتظامیہ نے 70 سال پرانی مسجد کو شہید کردیا۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے اہلِ علاقہ کو مسجد سیل کرنے کا کہا گیا تھا، جس کے بعد 5 ستمبر کو پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں مسجد گرانے کی کارروائی مکمل کی گئی۔

Back to top button