جتنی مرضی رکاوٹیں ڈال لو، کراچی لازمی پہنچوں گا: سہیل آفریدی

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کا سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ کراچی پہنچے بغیر سندھ نہیں چھوڑوں گا

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ راستے میں جتنی مرضی رکاوٹیں ڈال دی جائیں، وہ کراچی لازمی پہنچیں گے۔

سہیل آفریدی نے ٹنڈو جام ٹول پلازا، عمر اور حیدرآباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری کے لیے میرا پیغام ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے، وہ آپ کی حکومت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہے تو نام لیں کہ کون یہ سب کر رہا ہے۔ آپ جو کچھ کر رہے ہیں، یہ سندھ کی روایت نہیں۔ میرا وعدہ ہے کہ کراچی پہنچے بغیر سندھ چھوڑ کر نہیں جاؤں گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سندھ کی روایت ہے کہ مہمانوں کا استقبال کیا جاتا ہے، راستے میں جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالیں، لیکن میں کراچی لازمی پہنچوں گا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نہ صرف حیدرآباد بلکہ پورے ملک میں آپ کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ یہ لوگ نہ پہلے پاکستان سے مخلص تھے اور نہ آئندہ ہوں گے۔ ان لوگوں نے اپنے مفادات کو ہمیشہ بالاتر رکھا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں مخصوص خاندانوں کی حکومتیں بنتی آ رہی ہیں، جبکہ میں ایک کارکن ہوں اور آپ کی طرح جلسوں میں کبھی پیدل اور کبھی رکشوں میں سفر کیا کرتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف عام آدمی کو یہ موقع دیتی ہے کہ وہ وزیراعلیٰ بن سکے، جبکہ یہی نوجوان آگے چل کر پاکستان کا اقتدار سنبھالیں گے۔

Back to top button