ملک سے محبت کرنے والا کوئی بھی فرد سسٹم سے خوش نہیں: علیم خان

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، تعصب کی عینک اتار کر عوام کی حالت دیکھی جائے

وفاقی وزیر اور صدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک سے محبت کرنے والا کوئی بھی فرد اس سسٹم سے خوش نہیں۔

لاہور سے جاری بیان میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ لوگوں کو بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں۔ عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اور پینے کے صاف پانی کا مسئلہ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں بچے تعلیم سے دور ہیں اور اسکولوں کی حالت زار سب کے سامنے ہے، جبکہ ملک بھر میں اسپتالوں کی حالت بھی ابتر ہو چکی ہے۔

وفاقی وزیر علیم خان نے مزید کہا کہ روز بروز لوگوں کی تکلیف میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے تعصب کی عینک اتاریں اور عوام کی حالت دیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کہ اگر صوبے موجودہ حالت میں عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کر رہے ہوتے تو عوام کی یہ حالت کیوں ہوتی؟

Back to top button