پولیس اہلکار کی کرپشن پر ایس ایچ او کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا: ڈی آئی جی آپریشنز لاہور
کرپشن ثابت ہونے پر متعلقہ ایس ایچ او کے خلاف کارروائی ہوگی، ڈی ایس پی اور ایس پی سے بھی جواب طلبی کی جائے گی: فیصل کامران

لاہور: ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ تھانوں یا پولیس ونگ کا کوئی اہلکار کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ اہلکار کی کرپشن ثابت ہونے پر متعلقہ ایس ایچ او کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیرِ صدارت پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اجلاس ہوا، جس میں ایس ایس پی آپریشنز، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کامران نے کہا کہ کرپشن کے معاملے پر متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس پی سے بھی جواب طلبی ہوگی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو تھانوں میں فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور ان کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آیا جائے۔
