پاکستان نے نیپال کے سیلاب متاثرین کیلئے 100 ٹن امدادی سامان روانہ کردیا
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر امدادی سامان خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے کھٹمنڈو روانہ کیا گیا

دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان نے نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن انسانی امداد بھجوا دی ہے۔ پاکستانی امدادی سامان خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے کھٹمنڈو روانہ کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امدادی سامان میں خیمے، کمبل، چٹائیاں، حفظانِ صحت کی کٹس اور ادویات شامل ہیں۔ یہ امدادی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تعاون سے نیپال روانہ کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کے لیے امداد بھجوائی گئی ہے۔ پاکستان مشکل وقت میں نیپال کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
