نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے پاکستان کی جانب سے 100 ٹن امدادی سامان روانہ

وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے خیموں، کمبلوں، میٹس، حفظانِ صحت کی کٹس اور ادویات پر مشتمل امدادی سامان چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کھٹمنڈو روانہ کردیا

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے وزیراعظم کی ہدایت پر نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ٹن امدادی سامان روانہ کردیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے امدادی سامان چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو روانہ کیا۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے بھیجے گئے امدادی سامان میں خیمے، کمبل، میٹس، حفظانِ صحت کی کٹس اور ادویات شامل ہیں۔

اس سلسلے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیپال کے لیے امدادی سامان روانہ کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں نیپال کے سفیر سمیت این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور فلاحی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال اور اس کے سیلاب متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے نیپالی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں نیپال کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

حکومت کے مطابق این ڈی ایم اے کی مربوط کوششوں کے نتیجے میں نیپال کے متاثرہ عوام کے لیے بروقت امدادی کھیپ روانہ کی گئی ہے۔

Back to top button