سری لنکن ایتھلیٹ رومیش تھارانگا پتھیراگے کا جیولین تھرو میں تہلکہ، ایک اور بڑا اعزاز لے اڑے

ڈائمنڈ لیگ فائنل جیتنے والے پہلے سری لنکن ایتھلیٹ بن گئے، ایشین گیمز میں ارشد ندیم سے متوقع مقابلے پر نظریں

سری لنکا کے 23 سالہ ابھرتے ہوئے جیولین تھروور رومیش تھارانگا پتھیراگے نے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل کے بعد برسلز میں ڈائمنڈ لیگ کا فائنل جیت کر عالمی سطح پر اپنی دھاک بٹھا دی ہے۔

اس شاندار کارکردگی کے بعد اب ان کی تمام تر توجہ جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز پر مرکوز ہے، جہاں نیرج چوپڑا کی عدم موجودگی میں ان کا سب سے بڑا ٹاکرا پاکستان کے اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم سے ہوگا۔

رومیش تھارانگا پتھیراگے ڈائمنڈ لیگ کا فائنل جیتنے والے تاریخ کے پہلے سری لنکن ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔

ہفتے کو برسلز کے کنگ بوڈوئن اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کے تیسرے راؤنڈ میں انہوں نے 89.04 میٹر کی شاندار تھرو کرکے یہ اعزاز حاصل کیا۔

مقابلے کے دوران پولینڈ کے ڈیوڈ ویگنر نے 87.47 میٹر کی ’پرسنل بیسٹ‘ تھرو کے ساتھ برتری حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم رومیش نے فوری جوابی وار کرتے ہوئے سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور مقابلے کے اختتام تک اپنی برتری برقرار رکھی۔

اس مقابلے میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے سابق اولمپک چیمپیئن کیشورن والکوٹ 83.99 میٹر کی تھرو کے ساتھ تیسرے، جبکہ گریناڈا کے دو مرتبہ کے عالمی چیمپیئن اینڈرسن پیٹرز 83.70 میٹر کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔

سرد موسم نے بڑی تھرو سے روکا

رومیش نے اپنی جیت پر بے پناہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا جیسے چھوٹے ملک سے تعلق رکھنے کے باوجود اتنے بڑے ایونٹ میں فتح حاصل کرنا ان کے لیے بہت فخر کی بات ہے۔

تاہم ان کا ماننا تھا کہ وہ اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھا سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوئی بہت بڑی تھرو نہیں کر سکے کیونکہ موسم کافی سرد تھا اور موسمی حالات قدرے مشکل تھے۔

حالیہ چند ماہ کے دوران رومیش کی کارکردگی میں غیر معمولی تسلسل دیکھنے میں آیا ہے۔ رواں سیزن کے آغاز میں گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں جیتا گیا گولڈ میڈل ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت تھا۔

تاہم ان کے کیریئر کی اب تک کی سب سے شاندار کارکردگی جون میں روم ڈائمنڈ لیگ کے دوران سامنے آئی، جہاں انہوں نے 92.62 میٹر کے فاصلے پر نیزہ پھینک کر نہ صرف سری لنکا کا نیا قومی ریکارڈ قائم کیا بلکہ اس وقت دنیا کی سب سے طویل تھرو کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

ارشد ندیم بمقابلہ رومیش

کامن ویلتھ اور ڈائمنڈ لیگ میں مسلسل فتوحات نے عالمی جیولین تھرو کے منظرنامے میں ایک نئی اور سنسنی خیز جہت کا اضافہ کردیا ہے۔

بھارت کے اسٹار ایتھلیٹ اور اولمپک چیمپیئن نیرج چوپڑا انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔ ایسے میں آئندہ ماہ جاپان میں شیڈول ایشین گیمز میں شائقین کی تمام تر نظریں رومیش اور پاکستان کے مایہ ناز اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم کے درمیان ہونے والے متوقع اور سنسنی خیز مقابلے پر لگی ہوئی ہیں۔

رومیش کی موجودہ فارم نے ایشیائی سطح پر ان سے وابستہ توقعات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

Back to top button