پارکنگ میں چھپکلی کی اطلاع، اہلکار کو ’جارح مزاج‘ دیو قامت مانیٹر سے واسطہ پڑگیا
امریکی ریاست میساچوسٹس میں گاڑی کے وہیل ویل سے مینگروو مانیٹر چھپکلی برآمد، جانوروں کے کنٹرول کی دو ٹیموں نے مل کر قابو کرلیا

امریکی ریاست میساچوسٹس میں پارکنگ لاٹ میں چھپکلی کی اطلاع پر پہنچنے والے جانوروں کے کنٹرول کے اہلکار کو اس وقت غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب وہاں عام چھپکلی کے بجائے ایک بڑی اور جارح مزاج مانیٹر چھپکلی گاڑی کے پہیے کے اندر چھپی ہوئی ملی۔
یونیائی پریس انٹرنیشنل (یو پی آئی) کے مطابق میساچوسٹس کے شہر برلنگٹن میں جانوروں کے کنٹرول کی افسر جیمی جیفری کو ایک پارکنگ میں غیر ملکی نسل کی چھپکلی موجود ہونے کی اطلاع ملی۔ وہ موقع پر پہنچیں تو معلوم ہوا کہ چھپکلی ایک گاڑی کے وہیل ویل میں گھسی ہوئی ہے اور بظاہر وہاں سے نکلنے کے موڈ میں نہیں تھی۔
جیمی جیفری نے صورتحال دیکھ کر اسے پکڑنے کی کوشش کی، مگر چھپکلی نے بھی آسانی سے ہتھیار ڈالنے سے انکار کردیا۔ جیفری کے مطابق یہ کوئی عام پالتو چھپکلی نہیں بلکہ مینگروو مانیٹر تھی، جو آسٹریلیا، نیو گنی اور انڈونیشیا کے علاقوں میں پائی جاتی ہے اور نسبتاً جارح مزاج سمجھی جاتی ہے۔
انہوں نے ’بوسٹن گلوب‘ کو بتایا کہ چھپکلی پکڑے جانے پر بالکل آمادہ نہیں تھی۔ ان کے مطابق اس قسم کے رینگنے والے جانور کو پالنے کے لیے خاصی مہارت اور معلومات درکار ہوتی ہیں۔
صورتحال کچھ مشکل ہوئی تو جیمی جیفری نے کیمبرج اینیمل کنٹرول سے مدد طلب کی۔ دونوں ٹیموں نے مل کر کافی جدوجہد کے بعد بالآخر چھپکلی کو قابو کرلیا اور اسے دیکھ بھال کے لیے رین فاریسٹ رپٹائل شوز منتقل کردیا۔
معائنے کے دوران چھپکلی کی مجموعی صحت اچھی پائی گئی، تاہم اس کے سر پر ایک معمولی زخم موجود تھا۔ جیفری کے مطابق زخم کی نوعیت سے اندازہ ہوتا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ جانور اپنے پنجرے سے فرار ہوا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میساچوسٹس میں اس نسل کی چھپکلی کو بغیر اجازت پالتو جانور کے طور پر رکھنا قانونی نہیں۔ اب حکام اس کے مالک کی تلاش میں ہیں تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ اسے قانونی طور پر پالا جارہا تھا یا نہیں۔
جیمی جیفری کا کہنا ہے کہ یہ واضح طور پر کسی کا پالتو جانور تھا جس کی دیکھ بھال کی جاتی رہی ہے، اس لیے حکام امید کررہے ہیں کہ اس کا مالک خود سامنے آئے گا اور اسے واپس لے جائے گا۔
