جیون ساتھی کا انتخاب انڈسٹری سے نہیں کروں گی: نوال سعید
اداکارہ نے کہا کہ شادی کے لیے امیر یا مشہور شخص کے بجائے روادار، عزت کرنے والے، مہربان اور سادہ مزاج انسان کو ترجیح دوں گی

لاہور: اداکارہ نوال سعید نے کہا ہے کہ جیون ساتھی منتخب کرنے کا فیصلہ انتہائی مشکل ہے، وہ ایسے شخص سے شادی کریں گی جو ان کی عزت کرے۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اداکارہ نوال سعید کا حالیہ بیان وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ جیون ساتھی کا انتخاب شوبز انڈسٹری سے نہیں کریں گی۔ ان کے مطابق لائف پارٹنر منتخب کرنے کا فیصلہ کیریئر کا انتخاب کرنے سے کہیں زیادہ مشکل اور ایک جوئے کی مانند ہے۔
نوال سعید کا کہنا ہے کہ کیریئر میں انسان ہمیشہ نئی چیزیں سیکھ سکتا ہے یا اپنا راستہ تبدیل کرسکتا ہے، لیکن لائف پارٹنر کا انتخاب اتنا آسان نہیں کیونکہ آپ کبھی نہیں جان سکتے کہ کوئی شخص آگے چل کر کیسا ثابت ہوگا۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ جب بھی وہ شادی کریں گی تو شوبز انڈسٹری سے باہر کے کسی شخص کا انتخاب کرنے کو ترجیح دیں گی۔
نوال سعید کا کہنا تھا کہ اپنے آئیڈیل لائف پارٹنر کے حوالے سے وہ کسی امیر یا بہت مشہور شخصیت کے بجائے ایک روادار، عزت کرنے والے، مہربان اور سادہ مزاج انسان کو ترجیح دیتی ہیں۔
