9 مئی کیس: 2023 سے روپوش سابق رکن قومی اسمبلی حماد اظہر گرفتار

اے ٹی سی کی جانب سے اشتہاری قرار دیے گئے حماد اظہر 9 مئی کے 50 سے زائد مقدمات میں نامزد ملزم ہیں

لاہور: پولیس نے سابق رکن قومی اسمبلی اور سابق صدر پی ٹی آئی پنجاب حماد اظہر کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کو آر اے بازار کے قریب ایک دوست کے گھر سے گرفتار کرکے لاہور پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر 9 مئی کے واقعات سے متعلق مختلف مقدمات میں ملوث ہیں۔

ذرائع کے مطابق حماد اظہر 9 مئی 2023 سے اشتہاری تھے۔ وہ اپنے والد کے انتقال پر منظر عام پر آئے تھے، تاہم اس کے بعد دوبارہ روپوش ہوگئے تھے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عدم پیشی پر حماد اظہر کو اشتہاری قرار دے رکھا تھا، جبکہ عدالت کی جانب سے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ وہ 9 مئی کے 50 سے زائد مقدمات میں بھی نامزد ملزم ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حماد اظہر نے لاہور اور پشاور ہائی کورٹس سے حفاظتی ضمانت کے لیے بھی رجوع کر رکھا ہے۔

مقدمات کے اندراج کے بعد حماد اظہر نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ پی ٹی آئی نے انہیں پنجاب کے صدر کی ذمہ داری سونپ رکھی تھی۔

Back to top button